اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کورونا ویکسین کیلئے 1.1 ارب ڈالر کی فراہمی کی منظوری دیدی ہے، جس سے کم از کم 4.5 کروڑ سے 6.5 کروڑ تک آبادی کی ویکسی نیشن یقینی بنائی جائے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی صدارت میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں انسداد کورونا کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ پہلے مرحلے میں 13 کروڑ ڈالر (20 ارب روپے) کی منظوری دی گئی۔ این سی او سی کے فیصلے کے تحت پہلے مرحلے کیلئے مزید 5 کروڑ ڈالر کی فراہمی کی منظوری دیدی گئی۔
ای سی سی نے جون کیلئے 7 کروڑ ڈالر اضافی فراہم کرنے کی بھی منظوری دیدی۔ اجلاس میں کورونا آلات اور سامان کی خریداری کیلئے تین ایس آر اوز میں ترامیم کی بھی منظوری دیدی۔ اجلاس میں جی 20 ممالک سے قرض ریلیف کیلئے باقاعدہ رجوع کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیراعظم کی خصوصی تعلیمی فیس واپسی سکیم کے تحت پسماندہ علاقوں کیلئے 62.92 کروڑ کی ضمنی گرانٹ کی منظور کی گئی۔ وزارت تعلیم کیلئے 37 کروڑ 80 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ وزارت خزانہ کو مختلف سسٹمز کی مد میں 1.16 ارب کی فراہمی کی منظوری ہوئی۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان کیلئے 33 کروڑ 86 لاکھ روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کنٹرولر جنرل آف پاکستان کے وفات پا جانے والے ملازمین کی فیملیز کے امدادی پیکج کیلئے 35 کروڑ کی منظوری بھی دی گئی۔
ترسیلات زر کے حوالے سے نئی سکیم کی مارکیٹنگ کیمپین کیلئے 74 کروڑ سے زائد کی گرانٹ اور وزارت انسانی حقوق کیلئے 2 کروڑ 21 لاکھ سے زائد کی گرانٹ منظور کی گئی۔ سمیڈا کے اخراجات کیلئے 3.74 کروڑ کی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔