اسلام آباد: (دنیا نیوز) 24 گھنٹے کے دوران خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ، پنجاب کے دو اضلاع گجرات، جہلم میں کورونا کیسز کی شرح صفر رہی۔
ذرائع وزارت صحت کے مطابق ملک کے 21 اضلاع کورونا حوالے سے اہم ہیں، پنجاب کے 8، خیبر پختونخوا کے 7 اضلاع کورونا کے حوالے سے اہم ہیں، سندھ، آزادکشمیر کے 2.2 اضلاع کورونا کے حوالے سے اہم ہیں۔ بلوچستان اور گلگت بلتستان کے ایک ایک اضلاع مہلک وباء کے بارے میں اہم ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملک کے 6 اضلاع میں کورونا کیسز کی شرح 5 فیصد سے زیادہ ہے۔ ملک کے 3 اضلاع میں شرح 8 فیصد سے زیادہ ہے، 24 گھنٹے میں کورونا کی بلند ترین شرح گلگت میں 14.29 فیصد رہی۔ چوبیس گھنٹے میں چارسدہ، گجرات، جہلم میں کورونا کیسز کی شرح صفر رہی۔
چوبیس گھنٹے میں کراچی میں کورونا کیسز کی شرح 7.30 فیصد ریکارڈ کی گئی، حیدرآباد میں شرح 2.96 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں کورونا کیسز کی شرح 1.36 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: این سی اوسی کا پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ، تمام کاروبار ہفتے میں ایک دن بند رہیں گے
ذائع کے مطابق ملتان میں شرح 2.42 فیصد، مظفر آباد 9.55، میرپور 3.68 فیصد، کوئٹہ 7.78 فیصد، اسلام آباد 1.49 فیصد ، ایبٹ آباد میں شرح 3.28، مردان 1.60 فیصد، نوشہرہ 1.96، صوابی میں 0.91 فیصد، بہاولپور 0.78،فیصل آباد 3.44 فیصد جبکہ راولپنڈی میں کورونا کیسز کی شرح 3.70 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
اس سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کاروباری پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے کاروبار 2 دن کے بجائے ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم دن کا فیصلہ تمام صوبائی اکائیاں خود کریںگی۔
یہ فیصلہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سرکاری اور نجی ملازمین کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دی جائے گی۔ نجی شعبوں سے منسلک ملازمین کو 30 جون تک ویکسی نیشن کرانا ہوگی۔
این سی او سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ویکسی نیشن کرانے کیلئے مختلف شعبوں کو مراعات متعارف کرائی جائیں گی۔ دفاتر میں 50 فیصد حاضری کو بڑھا کر واپس 100 فیصد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ان ڈور جم کو کھولنے کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاہم جم کے تمام ممبرز کے لیے ویکسیشن لازمی ہوگی۔
کورونا ویکسی نیشن سینٹرز 11 جون سے رات 8 بجے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔ تاہم اس کے بعد اتوار کو بند رہیں گے۔
این سی او سی کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے 11 جون سے واک ان ویکسی نیشن کی سہولت ہوگی۔ ملک بھر میں تمام شہریوں کیلئے رضا کارانہ طور پر ویکسین مہم چلائی جائے گی۔