صوبہ سندھ: کورونا پابندیوں میں نرمی، دکانیں رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت

Published On 06 June,2021 04:21 pm

کراچی: (دنیا نیوز) صوبہ سندھ کی حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے کورونا کی وجہ سے عائد پابندیاں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت کاروبار کو ریلیف دیتے ہوئے دکانیں رات 8 بجے تک کھولنے کیا اجازت دیدی گئی ہے۔

یہ اہم فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ 15 دن بعد دکانوں پر کام کرنے والے سٹاف کے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹس چیک کیے جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات 12 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی، تاہم لوگوں کے درمیان فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 2 ہفتوں کے بعد شادی ہالز، آؤٹ ڈور شادیوں کی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ شہریوں کیلئے ساحل سمندر اور سیلونز بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

اجلاس میں صوبائی وزرا ، چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ اور رینجرز کے نمائندے شریک تھے۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ یکم جون کو کراچی میں 12.45 فیصد کیسز تھی تاہم گزشتہ روز یہ 8.5 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ صحت کو ٹارگٹ دیا کہ اگلے 3 مہینوں میں 1 کروڑ 80 لاکھ لوگوں کو ویکسین لگانے کے انتظامات کئے جائیں۔
 

Advertisement