اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارلیمان میں کل جو ہوا بہت افسوسناک ہے، حکومت نے اپوزیشن پر نہیں بلکہ پارلیمنٹ پر حملہ کیا۔
ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے دستخطوں سے آٹا، چینی، براڈ شیٹ اور رنگ روڈ میں ڈاکہ ڈالا، عمران خان نے بعد میں شور مچا کر کمیشن اور انکوائری کا حکم دیا، وزراء شروع ہی سے گالی دینے، حملہ کرنے اور شہبازشریف کی تقریر روکنے کے لئے آئے تھے، عمران خان نے کابینہ اجلاس میں شہباز شریف اور اپوزیشن پہ حملے کا حکم دیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزراء اور کرائے کے ترجمان پارلیمان میں شہباز شریف اور اپوزیشن پر حملہ کرنے آئے تھے، وزیراعظم نے کرائے کے ترجمانوں کا اجلاس بلا کر شہباز شریف، اپوزیشن کو گالی دینے کا حکم دیا، عمران خان نے شہباز شریف کی تقریر عوام تک نہ پہنچنے کا حکم دیا، حکومتی ارکان نے بے بس ہو کر گالی دی کیونکہ شہباز شریف کی تقریر نہ رُک سکی۔