فیصل آباد: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی ہنگامہ آرائی میں ملوث ارکان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، جماعت کی تفریق سے آزاد ہوکر ایکشن ہونا چاہیے۔
گورنر پنجاب چودھری سرور نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی لاکھوں ووٹ لیکر ایوان میں پہنچتے ہیں، پاکستان کے عوام اراکین اسمبلی کا پارلیمنٹ میں رویہ دیکھتے ہیں تو انہیں دکھ ہوتا ہے، اپوزیشن بجٹ میں ووٹ نہیں دینا چاہی تو کوئی انہیں مجبور نہیں کرسکتا، حکومت نے اس مرتبہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا، بجٹ میں خامیاں نکالنے کیلئے کچھ نہیں ملا تو اپوزیشن نے دوسرا راستہ اختیار کیا، بجٹ پاس ہونے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی۔
چودھری سرور کا کہنا تھا کہ یہ تیسرا بجٹ ہے جس میں اپوزیشن نےٖ غیر اخلاقی رویہ اپنایا، ن لیگ نے وزیراعظم کو پہلے دن بھی تقریر نہیں کرنے دی۔ انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں برطانوی قوانین پاکستان میں بھی ہوں، برطانیہ میں سپیکر کے اختیارات بہت زیادہ ہے، برطانیہ میں سپیکر کے سامنے وزیراعظم کے بولنے کی بھی جرات نہیں۔