لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کی کوئی کمی نہیں، ڈوزز موجود ہیں، معمولی تاخیر سے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن کرانے والوں کی تعداد بہت بڑھ چکی ہے، اس وقت 25 ہزار ڈوز موجود ہیں، ایکسپو سنٹر میں روزانہ 11 ہزار ڈوز لگتی ہیں، ہمارے پاس ویکسین کی کوئی کمی نہیں۔ کچھ لوگوں کا اصرار ہے باہر جانا ہے، ایسٹرازینیکا لگائی جائے، ایسے افراد کیلئے کل سے ایسٹرا زینیکا لگانی شروع کر دی جائے گی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ دوسری ڈوز لگوانے والوں کیلئے ویکسین موجود ہے، اس وقت 57 سے زائد موبائل ویکسی نیشن سنٹرز بھی فعال ہیں، ویکسین تاخیر سے پہنچے تو شور مچانا شروع کر دیا جاتا ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 59 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 21 ہزار 782 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 43 ہزار 27 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 838 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 44 ہزار 196، سندھ میں 3 لاکھ 28 ہزار 663، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 36 ہزار 205، بلوچستان میں 26 ہزار 275، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 727، اسلام آباد میں 82 ہزار 170 جبکہ آزاد کشمیر میں 19 ہزار 791 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 38 لاکھ 92 ہزار 289 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار 39 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 80 ہزار 316 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 611 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 59 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 21 ہزار 782 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 548، سندھ میں 5 ہزار 256، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 234، اسلام آباد میں 773، بلوچستان میں 294، گلگت بلتستان میں 108 اور آزاد کشمیر میں 569 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔