نارووال: (دنیا نیوز) نارووال میں خاتون سے تین اوباش افراد نے خاتون سے جنسی زیادتی کی اور ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔ تھانہ کوٹ نیناں میں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
گاوں ٹرپئی میں میکے آئی خاتون رضیہ بی بی واپس اپنے گھر جا رہی تھی کہ تین اوباش افراد نے زبردستی خاتون کو اٹھا لیا اور کھیتوں میں لے گئے۔ لواحقین کے مطابق ملزمان خاتون کو نشہ آور جوس پلا کر باری باری جنسی زیادتی کرتے رہے۔ اوباش افراد خاتون سے جنسی درندگی کی ویڈیو بھی بناتے رہے۔ ملزمان نے خاتون کو پہلے مزاحمت پر تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
اوباش افراد نے شادی شدہ خاتون اور اس کے اہل خانہ کو بلیک میل کرتے ہوئے دس لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ ملزمان نے رقم کی ادائیگی نہ ہونے پر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکی دی۔ محنت کش خاندان ملزمان کو رقم ادا نہ کر سکا جس پر ملزمان نے خاتون سے جنسی زیادتی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دی جس پر مقامی پولیس متحرک ہو گئی۔
پولیس کوٹ نیناں نے خاتون رضیہ بی بی کی درخواست پر تینوں اوباش ملزمان محمد عامر، محمد وحید اور رجب علی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جس کے بعد ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار جاری ہیں تاہم تاحال ملزمان کو پولیس گرفتار نہیں کر سکی۔
ڈی ایس پی شکرگڑھ سرکل ملک محمد خلیل نے بتایا کہ خاتون سے زیادتی کا وقوع دو ماہ قبل کا ہے۔ پولیس نے واقع کا مقدمہ درج کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔