راجن پور: (دنیا نیوز) نواحی علاقے نوشہرہ شرقی میں 5 افراد نے شادی شدہ خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
پولیس کے مطابق زیادتی کا نشانہ بننے والی ایک غریب ہاری کی بیٹی تھی، متاثرہ خاتون کی درخواست پر اجتماعی زیادتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، خاتون نے تھانے میں بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان نے اسے زبردستی ایک مقام پر لے جا کر باری باری اس کے ساتھ زیادتی کی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ میڈیکل میں متاثرہ خاتون کے ساتھ زیادتی ثابت ہوگئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔
ادھر متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ واقعہ ایک ہفتہ قبل پیش آیا، ملزمان آزادانہ گھوم رہے ہیں اور دھمکیاں دے رہے ہیں، ہم پولیس تھانہ صدر کو غیر جانبدار نہیں سمجھتے، غربت کے سبب خوف کا شکار ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں۔



