لاہور ہائیکورٹ نے ریپ کیس میں عمر قید کے ملزم کو بری کر دیا

Published On 25 September,2025 12:26 pm

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے خاتون سے زیادتی کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے ملزم امان اللہ کو بری کر دیا۔

جسٹس عبہر گل خان نے ملزم کی اپیل منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ پراسیکیوشن اپنا کیس ثابت کرنے میں ناکام رہی، فیصلے میں امریکی سینئر قانون دانوں کے محاوروں کا بھی حوالہ دیا گیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پراسیکیوشن کے مطابق ملزم اکتوبر 2016 میں مدعیہ کے گھر داخل ہوا اور اسلحے کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ مدعیہ کے وکیل کے مطابق دونوں کے درمیان تعلقات قائم تھے، گجرات کی ٹرائل کورٹ نے 2018 میں ملزم کو عمر قید اور تین لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

عدالت نے قرار دیا کہ متاثرہ خاتون کا میڈیکل 11 روز کی تاخیر سے کیا گیا، تاخیر کی وجہ ڈاکٹر عدالت کو مطمئن نہ کر سکے اور میڈیکل رپورٹ میں جسم پر کسی تشدد کے آثار بھی نہیں پائے گئے، اسی طرح ایف آئی آر بھی 11 روز کی تاخیر سے درج کی گئی۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مدعیہ نے الزام لگایا تھا کہ اس کے پاس ملزم کی نازیبا ویڈیوز موجود ہیں تاہم ٹرائل کے دوران ویڈیوز پیش نہ کی گئیں اور صرف تصاویر فراہم کی گئیں جن کے بارے میں مدعیہ نے خود تسلیم کیا کہ ان میں موجود شخص واضح طور پر پہچانا نہیں جا سکتا۔

فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں ملزم کو شک کا فائدہ دیا گیا، ملزم کے خلاف مقدمہ 2016 میں تھانہ جلال پور جٹاں ضلع گجرات میں درج ہوا تھا۔