لاہور: (دنیا نیوز) رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ احتساب کا ڈرامہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا، نیب سے کچھ نہیں بنا تو ایف آئی اے کو سامنے لایا گیا، جہانگیر ترین کو این آر او دیکر بجٹ پاس کرانے کی کوشش ہو رہی ہے۔
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا انتقامی احتساب کھل کرسامنے آگیا، ملکی سیاست کو خراب کرنے کیلئے عمران نیازی کی شکل میں ڈرامہ رچایا گیا، حکومت نے 3 سال میں سوائے انتقامی کارروائیوں کے کچھ نہیں کیا، اس احتساب پر کوئی اعتبار کرنے کو تیار نہیں۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کیخلاف بھی انتقامی کارروائی ہو رہی تھی، جہانگیر ترین کو دباؤ میں لانے کیلئے انتقامی کارروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کے لاہور میں ڈائریکٹر اپنی پوری سروس کو انتقامی سوچ کی نظر نہ کریں، ایف آئی ڈائریکٹر لاہور انتقامی سوچ کا آلہ کارنہ بنیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ پنجاب کا کلچر اور زبان محبت کی زبان ہے، پنجاب کی زبان نفرت کا درس نہیں دیتی، پنجاب کی زبان میٹھی زبان ہے، پنجابی زبان پیار کی زبان ہے۔