دنیا میں پائیدارامن خطے میں زیرالتوا مسائل کے حل میں پوشیدہ ہے: آرمی چیف

Published On 24 June,2021 09:33 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دنیا میں پائیدار امن کا انحصار خطے میں زیر التوا مسائل کے حل میں پوشیدہ ہے۔ دنیا تنازعات کے حل میں بامقصد تعاون کرے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات دورہ جرمنی کے موقع پر کہی۔ انہوں نے جرمن وزیر خارجہ اور پاکستان وافغانستان سے متعلق جرمن نمائندہ خصوصی سے اہم ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں میں علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جرمن وزیر خارجہ اور نمائندہ برائے پاکستان وافغانستان سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

جرمن وزیر خارجہ نے باہمی تعاون کے فروغ کے عزم اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ اور اساتذہ کو پاکستان کی اندرونی وعلاقائی سیکیورٹی، درپیش چیلنجز اور حکومت پاکستان کے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دنیا میں پائیدار امن کا انحصار خطے میں زیر التوا مسائل کے حل میں پوشیدہ ہے جن کو بامقصد عالمی حمایت سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔

عالمی وبا کورونا وائرس سے نمٹنے کے حوالے سے آرمی چیف نے کہا کہ حکومت پاکستان دیگر ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر بہترین انداز میں اس مرض کا مقابلہ کر رہی ہے۔

 

Advertisement