اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان افواج پاکستان میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی سطح پر اپنا امیج بہترین بنائیں۔انسداد دہشتگردی کی جنگ تقریباً جیت چکے ہیں۔
نیشنل امیچیور شارٹ فلم فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے۔ وطن عزیز کو دو دہائیوں سے دہشتگردی کی جنگ کا سامنا کرنا رہا، تخریب کاروں نے پاکستان کے عالمی وقار کو بہت نقصان پہنچایا اور آج بھی کوشش کر رہے ہیں، انسداد دہشت گردی کی جنگ تقریباً جیت چکے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی سطح پر اپنا امیج بہترین بنائیں۔ پاکستان وہ خوش نصیب ملک ہے جہاں پر 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نیشنل ایمیچیور شارٹ فلم فیسٹیول میں نوجوان شارٹ فلمز بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیشنل امیچیور شارٹ فلم فیسٹیول ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پر نوجوانوں نے شارٹ فلم بنائی ہیں جس سے پاکستان کا بہترین تشخص سامنے لایا جا سکے۔ نومبر 2020ء میں اس فیسٹیول کے لیے ہم نے بہترین ٹیم تشکیل دیں، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس مقصد کی سرپرستی کی۔