سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والے ہر فرد کے اثاثے ظاہر کئے جائیں، مریم اورنگزیب

Published On 27 June,2021 05:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سرکاری خزانے سے ہر تنخواہ لینے والے کے اثاثے سامنے لانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کا اختیار نیب کو دینا عمران خان کی غنڈہ گردی ہے۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غنڈہ گردی اور نیب گردی کرکے ٹیکس ریوینو میں اضافہ نہیں ہوتا۔ 2001ء سے اطلاق کرنا عمران خان کی بدنیتی کا اظہار ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کی ناکامی کے بعد یہ نیا ہتھکنڈا اختیار کیا گیا ہے۔ عوامی عہدیداروں کے اثاثہ جات تو پہلے ہی ظاہر ہوتے ہیں۔ ایف بی آر کے پاس تمام ریکارڈ اور تفصیلات موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر سے یہ اختیار نیب کو دینے کے پیچھے کیا ایجنڈا ہے؟ انکم ٹیکس قانون میں ترمیم کرکے سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والے ہر فرد کے اثاثے ظاہر کئے جائیں۔