خیبرپختونخوا: ہیپاٹائٹس کے 18 ہزارسے زائد مریضوں کا علاج نہ ہوسکا

Published On 16 May,2024 11:20 am

پشاور: (دنیانیوز) نگران دورحکومت میں ہیپاٹائٹس کا علاج بند ہونے کا معاملہ، خیبر پختونخوا میں نگران دور حکومت میں ہیپاٹائٹس کے 18 ہزارسے زائد مریضوں کا علاج نہ ہوسکا۔

ہیپٹائٹس مریضوں سے متعلق محکمہ صحت کی دستاویز دنیا نیوز کو موصول ہوگئی ، دستاویز کے مطابق صوبہ میں ہیپاٹائٹس بی کے 7 ہزار 500 مریضوں کوعلاج کی اشد ضرورت ہے، ہیپاٹائٹس سی کے 11 ہزارمریض بھی علاج کے منتظر ہیں۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوامیں 7 سال کے دوران 85 ہزارسے زائد افراد ہیپاٹائٹس کا شکارہوئے، جبکہ 21 ہزارمریضوں میں ہیپاٹائٹس بی،63 ہزار میں ہیپاٹائٹس سی کی تشخیص ہوئی۔

دستاویز کے مطابق صوبہ کے سرکاری ہسپتالوں میں 16 لاکھ 87 ہزارافراد کی سکریننگ کی گئی، صحت کارڈ پرعلاج بند ہونے سے گزشتہ سال مریضوں کی سکریننگ نہ ہوسکی ، نگران حکومت میں سرکاری ہسپتالوں میں صحت کارڈ پرعلاج تعطل کا شکار رہا۔

ذرائع کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ صحت کارڈ بحال ہونے کے بعد ہیپاٹائٹس کا علاج شروع کردیا ہے، بیشتر سرکاری ہسپتالوں میں خصوصی سکیم اور صحت کارڈ پرعلاج ہورہاہے۔