لاڑکانہ: بارش کے بعد مرکزی شاہراہوں، رہائشی علاقوں میں 2 فٹ تک پانی کھڑا ہو گیا، عوام پریشان

Published On 27 June,2021 01:28 pm

لاڑکانہ: (دنیا نیوز) بارش کے بعد مرکزی شاہراہوں اور رہائشی علاقوں میں دو فٹ تک پانی کھڑا ہو گیا، بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے عوام کی پریشانی بڑھ گئی۔

لاڑکانہ شہر میں گذشتہ شب ایک گھنٹے ہونے والی بارش نے انتظامیہ کی کارکردگی کی قلعی کھول دی، محکمہ موسمیات کے مطابق لاڑکانہ میں ایک گھنٹے کے دوران 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

شہر کی تمام مرکزی شاہراہوں سمیت رہائشی علاقوں اور کاروباری مراکز میں ایک سے دو فٹ تک بارش کا پانی کھڑا ہوگیا ہے۔ ایس پی چوک، پاکستان چوک، ریشم گلی، شاہی بازار، سچل کالونی، بندر روڈ، بروہی پھاٹک، گجن پور چوک سمیت تمام کے تمام علاقے پانی کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جب کے بلدیہ عظمی کا عملہ کہیں نہیں نظر نہیں آرہا۔

دوسری جانب بارش شروع ہوتے ہی سیپکو کی جانب سے ضلع بھر میں بجلی کی سپلائی معطل کردی گئی جو تاحال تک مکمل بحال نہیں کی جاسکی ہے جس کے باعث عوام کو پینے کے پانی کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے جب کے پمپنگ اسٹیشن بھی بجلی بند ہونے کے باعث بند پڑے ہیں۔ بلدیہ عظمی کے بجٹ میں پمپنگ اسٹیشنز چلانے کے لیے ڈیزل کا بجٹ تو مختص کیا جاتا ہے لیکن پمپنگ اسٹیشنز کو ڈیزل سے چلایا نہیں جارہا۔
 

Advertisement