کراچی: (دنیا نیوز) سابق سینیٹر اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عثمان کاکڑ انتقال کرگئے۔ عثمان کاکڑ آغا خان ہسپتال کراچی میں زیر علاج تھے۔ عثمان کاکڑ کو گزشتہ روز برین ہیمرج ہوا تھا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، سپیکر سمیت سیاسی رہنماؤں نے اظہار افسوس کیا۔ قائد حزب اختلاف و صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے عثمان کاکڑ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عثمان کاکڑ جیسے بہادر، حق گو اور جمہوریت پسند رہنما کی وفات ملک کا بڑا نقصان ہے، وہ اپنے اصولوں اور نظریات پر غیر متزلزل انداز میں ڈٹے رہے، ملک اور قوم کے لئے عثمان کاکڑ کی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی قیادت اور کارکنان سے افسوس کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں بلند مرتبہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔