سندھ میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد آج سے پرائمری کلاسز میں تدریس کا آغاز

Published On 21 June,2021 10:34 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد آج سے پرائمری کلاسز میں تدریس کا آغاز ہو گیا۔ ایس او پیز کے تحت سکولز کھل گئے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں پرائمری سکول آج سے کھل گئے۔ سندھ حکومت نے ہدایات جاری کی ہیں کہ پرائمری سکول 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھلیں گے۔ سکولوں میں اساتذہ کو ایس اوپیز پر مکمل عمل درآمد کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبہ سندھ میں تعلیمی ادارے کھولنے کے تمام مراحل گزشتہ روز مکمل کرلئے گئے تھے۔ پرائمری سکول کھلنے پر ملا جلا رد عمل سامنے آیا اور بیشتر والدین نے پہلے روز بچوں کو سکول بھیجنے سے گریز کیا۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 30 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 7 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 49 ہزار 175 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 907 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 45 ہزار 65، سندھ میں 3 لاکھ 32 ہزار 254، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 37 ہزار 75، بلوچستان میں 26 ہزار 633، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 813، اسلام آباد میں 82 ہزار 368 جبکہ آزاد کشمیر میں 19 ہزار 967 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 41 لاکھ 48 ہزار 424 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 34 ہزار 754 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 93 ہزار 148 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 238 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 30 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار 7 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 642، سندھ میں 5 ہزار 341، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 269، اسلام آباد میں 775، بلوچستان میں 301، گلگت بلتستان میں 108 اور آزاد کشمیر میں 571 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement