وزیر خزانہ کا کورونا ویکسین کیلئے نیا قرض لینے کا فیصلہ

Published On 19 June,2021 10:42 am

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے عالمی مالیاتی اداروں سے نئے قرض کیلئے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے اجلاس کو ملک میں کورونا کی وبا کے پھیلاؤ اور تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں کورونا ویکسین کی درآمد کی اشد ضرورت ہے۔ وزیر خزانہ نے اس موقع پر اقتصادی امور ڈویژن کے نمائندوں کو آگاہ کیا کہ وہ جلد از جلد عالمی مالیاتی اداروں خصوصاً عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے رجوع کر کے ویکسین کی درآمد کیلئے نئی کریڈٹ لائن کا اہتمام کریں گے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستانیوں کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔

دریں اثنا وزیر خزانہ نے نئی آٹو پالیسی کو حتمی شکل دینے کیلئے بلوائے گئے اجلاس میں بتایا کہ نئی آٹو پالیسی کے تحت کم آمدن اور متوسط طبقے کیلئے 850 سی سی اور 1000 سی سی گاڑیوں کی تیاری اور سستے داموں فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
 

Advertisement