ویکسین کی قلت: شہری ایکسپو سینٹر لاہور میں آؤٹ آف کنٹرول، دھکم پیل

Published On 19 June,2021 02:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ویکسین کی قلت کے باعث شہری ایکسپو سینٹر لاہور میں آؤٹ آف کنٹرول ہوگئے، سکیورٹی اہلکاروں کو بھی دھکے دیئے، بدنظمی کے باعث ویکسی نیشن کا عمل متاثر ہوگیا۔

بیرون ملک جانے والے افراد کو انتظامیہ نے روکا تو شہری آپے سے باہر ہوگئے۔ شہری ایکسپو ہال کے اندر گھس آئے، ایکسپو میں بدنظمی کے باعث ویکیسین کا عمل روک دیا گیا۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ شہری ہال سے باہر جا کر قطار بنائیں، ایسی صورتحال میں ویکسین نہیں لگا سکتے۔ انتظامیہ نے عملے کو کاونٹرز بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جب تک شہری باہر قطار نہیں بناتے ویکسین کا عمل بند رہے گا۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین کی قلت کی خبر 2 دن سے چل رہی ہے، ہمیں چین نے 10 تاریخ کو ویکسین سپلائی کرنی تھی جس کی تاریخ 20 کر دی، سٹاک میں جتنا آسٹرازینکا پڑا تھا ہم نے لوگوں کو لگانی شروع کر دی، ایکسپو سینٹر میں انتظامیہ نے اعلان کیا آسٹرازینکا ختم ہوگئی، باقی ویکسین موجود ہے۔

یاسمین راشد نے کہا ہے کہ اس وقت صرف آسٹرازینیکا ختم ہوئی ہے، آسٹرازینیکا پہلے لوگ لگوانے سےڈر رہے تھے اب لگوانا چاہ رہے ہیں، سائنو فام اور سائنو ویک ویکسین دستیاب ہے، ایکسپو سینٹر میں کوئی شور شرابہ نہیں ہے، امید ہے پیر سے معمول کی ویکسین لگانا شروع کر دیں گے۔
 

Advertisement