لاڑکانہ: (دنیا نیوز) وزیر آبپاشی سندھ سہیل انور سیال کا کہنا کہ ارسا پانی کے معاملے پر سندھ سے زیادتی کر رہا ہے، سندھ میں طاقتور کو پانی کی فراہمی کا الزام غلط ہے، بلاول بھٹو کی زمین پر بھی پانی نہیں ہے۔
صوبائی وزیر سہیل انور سیال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ سندھ کے بااثر پانی چوری کرتے ہیں جبکہ بلاول بھٹو کی اپنی زمین کے لیے پانی نہیں، صوبوں سے کوئی شکایت نہیں، پنجاب سمیت دیگر صوبے ہمارے بھائی ہیں، زیادتی ارسا کر رہا ہے۔
سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ نہروں کی پشتوں کو مضبوط کرنے کے لیے 10 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، پانی چوری کا الزام جھوٹا ہے، گڈو بیراج تک ہی پانی نہیں پہنچ رہا تو آگے چوری کیسے ہوگا، دو روز میں کوٹڑی بیراج کے اندر کھڑے ہو کر پریس کانفرنس کرونگا اور دیکھاؤں گا کے دریا سوکھا پڑا ہے۔