محمودآباد کے الیکٹرک گرڈ سٹیشن غیر قانونی قرار، 2 ماہ میں ختم کرنیکا حکم

Published On 17 June,2021 12:06 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے محمودآباد کے الیکٹرک گرڈ سٹیشن کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے 2 ماہ میں ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

 سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل تین رکنی بینچ کے روبرو محمود آباد کے علاقے میں کے الیکٹرک کے گرڈ سٹیشن کیخلاف شہریوں کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

 درخواستگزاروں کے وکیل شعاع النبی ایڈووکیٹ نے کہا کہ پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 محمود آباد میں 10 ایکٹر گرین بیلٹ کے لیے مختص ہے، پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی نے گرین بیلٹ کے الیکٹرک کو دے دی، گرین بیلٹ کا پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی سے کوئی تعلق نہیں، گرین بیلٹ کے ایم سی کی ملکیت ہے۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے محمود آباد کے الیکٹرک گرڈ سٹیشن گرین بیلٹ پر قائم ہے، 2 ماہ کے اندر اندر کے الیکٹرک گرڈ سٹیشن کو گرین بیلٹ سے ہٹایا جائے۔ عدالت نے کے ایم سی کو گرین بیلٹ اصل پوزیشن بحال کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کے ایم سی کو گرین بیلٹ پر پارک بنانے کی بھی ہدایت کر دی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ گرین بیلٹ کو کمرشل سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ سپریم کورٹ نے محمود آباد کے الیکٹرک گرڈ سٹیشن کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

 

Advertisement