کراچی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے حکم پر الٰہ دین پارک میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔ کراچی کا راشد منہاس روڈ میدان جنگ بن گیا۔
راشد منہاس روڈ پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کے دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کا استعمال کیا، مظاہرین نے سندھ پولیس کے خلاف نعرے بازی کی، لاٹھی چارج کے دوران متعدد مظاہرین زخمی ہوئے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ہر حال میں مکمل کیا جائے گا، کارروائی کر کے کل سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرائیں گے،پارک کی 52 ایکڑ زمین پر سے 10 سے 12 ایکڑ پر کلب اور شاپنگ مال قائم ہے، پارکوں میں کسی قسم کی کمرشل سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہے۔