وفاق پنجاب کی طرح سندھ کو بھی بڑے ترقیاتی منصوبے دے: وزیراعلیٰ سندھ

Published On 22 June,2021 04:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کام گلیوں اور نالوں کی صفائی نہیں، وفاقی حکومت پنجاب کی طرح سندھ کو بھی بڑے منصوبے دے۔

وزیراعلیٰ سندھ سیّد مرادعلی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنروفاق کی زیادہ نمائندگی نہ کریں، وفاق خود مجھ سے بات کرے۔ گورنرسندھ خود آج نانگا پربت ہیں، اور ننگے پڑنگے ادھر چھوڑگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گورنرنے وفاق کی طرف سے مدد کا یقین دلایا ہے، گورنرصاحب کے خط کوویل کیم کرتا ہوں، کل بہت ساری ہنسی مذاق کی باتیں ہوئی۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا کام گلیاں صاف کرنا نہیں ہمیں اچھے پراجیکٹس دیں،وزیراعظم کا کام نالی صاف کرکے خوش ہونا نہیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پچھلے سال ریکارڈ بارشیں ہوئی، اس حوالے سے انتظامات کر رہے ہیں کہ لوگوں کو کم ازکم تکلیف ہو۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پرعمل کرنے کے پابند ہے، پارٹی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے واضح انداز میں کہا کہ بنی گالہ ریگولرائز ہو جاتا ہے تو گجر نالے کے متاثرین کے گھرکیوں نہیں ہوتے، امید ہے ایسا حل نکل آئے لوگ بے گھرنہ ہوں۔

کورونا ویکسین کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے پاس ایک، ایک ویکسین کا ریکارڈ موجود ہے، ملک بھر میں ویکسین کہاں گئی اس سوال کی سمجھ نہیں آتی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ پورے صوبے میں نادرا سہولت سینٹر قائم کیے جائیں گے، نادرا کے تعاون پرشکرگزارہوں۔ سیکسیشن سرٹفیکیٹ لینے کے لیے لوگوں کوکئی سال لگتے تھے، نادرا آفس سے اب لوگوں کو پندرہ دن کے اندر سیکسیشن سرٹفیکیٹ ملے گا، لوگوں کواب عدالت میں نہیں جانا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہبازگل گھسی پٹی باتیں کررہے ہیں، شہبازگل جیسی کوالیفائی کیشن کے لوگ ہمارے ساتھ نہیں چل سکتے۔
 

Advertisement