اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ این اے 249 میں الیکشن کے دن کوئی شکایت درج نہیں ہوئی، الیکشن کمیشن کا فیصلہ آر او سے مختلف آیا لیکن تسلیم کیا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین کی پہلے بھی باتیں ہوتی رہی، آرڈیننس لے آنا کوئی حل نہیں، آرڈیننس کی زندگی 4 ماہ ہوتی ہے، ون وے آرڈیننس کی فیس سیونگ کے علاوہ کوئی ویلیو نہیں ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ این سی سی اجلاس میں انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند کرنے کی تجویز دی تھی، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند نہ کرنے کی وجہ سے کورونا پھیلاؤ بڑھا، پورے ملک میں کورونا صورتحال اچھی نہیں، جو اقدامات اٹھانے چاہیے وہ نہیں لئے جا رہے، وزراء کے اپنے بیانات میں تضادات ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنا ہے تو ایسا نہیں ہوسکتا کہ کراچی سے ہر دوسرے دن 4 لوگوں کو پیشی پر بلالیں، سنا تھا فلائٹس 20 فیصد کر رہے ہیں، مگر کل کراچی سے لاہور کیلئے 4 سے 5 فلائٹس تھیں، جس فلائٹ میں کراچی سے اسلام آباد آیا وہ بھی بھری ہوئی تھی، کورونا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہم نے سندھ اسمبلی میں سیٹوں کی تعداد کم کر دی ہے۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ کوئی خاندان ایسا نہیں رہا جو خود یا اس کا جاننے والا کورونا سے متاثر نہ ہوا ہو، ہمارے ہسپتالوں کی پوزیشن قدرے بہتر ہے، ہم نے ہسپتالوں کی استعدادکار بڑھائی ہے۔