سرکلر ریلوے کیس: سپریم کورٹ کا وزیراعلیٰ سندھ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

Published On 26 November,2020 11:39 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے سرکلر ریلوے کیلئے تعمیراتی کام کے ڈیزائن کی منظوری نہ دینے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا۔

چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے بینچ نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ سرکلر ریلوے کا کام 2 ماہ میں مکمل ہو جانا چاہئے تھا، صرف اوورہیڈ برج اور تھوڑا سا اور کام رہتا ہے، ایف ڈبلیو او نے تاحال کام کیوں نہیں شروع کیا ؟ جس پر فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے سربراہ نے بتایا کہ انہوں نے سرکلر ریلوے کیلئے تعمیراتی کام کا ڈیزائن بنا کر دیا تھا لیکن اس ڈیزائن کی منظوری نہیں دی گئی۔

چیف جسٹس گلزار احمد کے استفسار پر ڈی جی ایف ڈبلیو نے بتایا کہ سندھ حکومت نے منظوری دینی تھی جو تاحال نہیں دی گئی۔ عدالت نے صوبائی حکومت کے رویئے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا جبکہ آئندہ سماعت پر وزیراعلیٰ سندھ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔
 

Advertisement