کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جزائر سے متعلق آرڈیننس کو سندھ کی سالمیت پر حملہ قرار دیتے ہوئے اس کی مخالفت میں قرارداد لانے کا اعلان کر دیا ہے۔
صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترامیم سے پہلے بھی یہ جزائر سندھ کی ملکیت ہیں۔ صدر وفاق کے کہنے پر آرڈیننس جاری کر سکتے ہیں لیکن یہ غیر آئینی ہے۔ ان کو تو جزیروں کے ناموں کا بھی نہیں پتا۔ صرف طاقت کے نشے میں ایسا کیا گیا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم طاقت سے اس آرڈیننس کو واپس کرائیں گے۔ صدارتی آرڈیننس میں کیا ہے، ایوان کو بتانا چاہتا ہوں لیکن اگر اپوزیشن اراکین ایوان میں بیٹھے رہتے تو ان کو مطمئن کر دیتے لیکن وہ بہانہ بنا کر چلے گئے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ساتھ نہ دینے والوں کو غدار نہیں کہوں گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ وفاق آئی لینڈز پر آرڈیننس کو واپس لے کیونکہ اس اقدام پر پورا سندھ سراپا احتجاج ہے۔