کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعلی سندھ نے کراچی ییلو لائن کی مکمل پلاننگ کر کے ٹائم لائن مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ مراد علی شاہ نے محکمہ ٹرانسپورٹ سے بی آر ٹی ٹرانسپورٹ کے پروجیکٹس پر ہفتے کے اندر تفصیلی پلان مانگ لیا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے وزیر اعلی ہاؤس میں سید مراد علی شاہ کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر ٹرانسپورٹ کو اگلے مہینے تک اورنج لائن کا انفرا اسٹریکچر مکمل کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا اورنج لائن 1.2 بلین روپے کا منصوبہ ہے، سندھ حکومت اپنے وسائل سے منصوبے کو مکمل کروا رہی ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا اورنج لائن کا انفراسٹریکچر تقریبا مکمل ہوچکا ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا ریڈ لائن پر کام شروع کروانا چاہتا ہوں، بائیس کلو میٹر کوریڈور پر مشتمل ییلو لائن 61436 ملین روپے کا پروجیکٹ ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا ییلو لائن کا لون بھی افیکٹو ہوچکا ہے۔
وزیر اعلی سندھ نے ییلو لائن کی مکمل پلاننگ کر کے ٹائم لائن مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بی آر ٹی ٹرانسپورٹ کے پروجیکٹس پر ہفتے بھر میں تفصیلی پلان طلب کرلیا۔