وزیراعلیٰ سندھ کا وزیراعظم کو لکھا گیا خط کسی اور کے ہاتھ کیسے لگا: سعید غنی

Published On 23 January,2021 02:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سعید غنی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کا وزیراعظم کو لکھا گیا خط کسی اور کے ہاتھ کیسے لگا، میڈیا کو کیسے جاری ہوا، سندھ حکومت نے ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ میٹنگ میں تلخی کی بات بھی کسی سے شیئر نہیں کی گئی تھی، علی زیدی کی سیاسی سنجیدگی سے سب واقف ہیں انہیں کابینہ اور کمیٹی میں نہیں ہونا چاہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیرعلی زیدی کے درمیان جنگ شدت اختیا رکر گئی ، علی زیدی نے بھی وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا۔ خط میں کہا گیاہے کہ انتظامی معاملات چلانا تو پہلے ہی مراد علی شاہ کے بس میں نہ تھا لیکن وہ گفتگو کے آداب سے بھی مکمل ناواقف نکلے وزیر اعلی ٰ سندھ نا اہل ، مغرور اور کراچی کے مسائل کے حل میں بڑی رکاوٹ ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں علی زیدی نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ کا آپ کو لکھا گیا خط ان کے تکبر کا مظہر ہے، انتظامی معاملات چلانا تو پہلے ہی مراد علی شاہ کے بس میں نہ تھا لیکن گفتگو کے آداب سے بھی مکمل نا واقف نکلے۔ وزیراعلیٰ چھ ماہ سے اداروں کے اختیارات نچلی سطح تک منتقلی کی راہ میں رکاوٹ ہیں، شہری سہولیات کی فراہمی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے مگر صوبے میں لوٹ مار کے علاوہ کچھ دکھائی نہیں دیتا۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ مراد علی شاہ نے ادب و شائستگی کی تمام حدود پھلانگ کر وزیراعظم کو خط بھجوایا ہے، کراچی میں ترقیاتی سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے قائم کمیٹی کے قیام کو چھ ماہ سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے جس میں تین وفاقی وزراء بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مراد علی شاہ پر الزام عائد کیا کہ وزیر اعلی سندھ چوروں کے سہولت کار ہیں اور خود کو کسی کے سامنے جوابدہ نہیں سمجھتے۔

علی زیدی نے خط میں لکھا ہے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی نچلی سطح تک منتقلی سے متعلق استفسار پر مراد علی شاہ برہم ہوئے۔ کمیٹی اجلاس میں اداروں کی نچلی سطح تک منتقلی پر ہونے والی ہر بحث کو ادھر ادھر کا رخ دے دینا مراد علی شاہ کا وطیرہ ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کمیٹی کے کئی اجلاس مراد علی شاہ کے نکمے پن کی علامت ہیں جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم مالی معاونت کو ضائع کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ مراد علی شاہ نے اپنا رویہ نہ بدلا تو کراچی کے شہریوں کو مشکلات سے نکالنے کی ساری کوششیں غارت ہوجائیں گی، وزیراعلیٰ سندھ کو وفاقی حکومت اور قوم سے کئے گئے وعدوں کی پاسداری کا پابند بنایا جائے۔

علی زیدی نے واضح کیا ہے کہ کمیٹی کے رکن کے طور پر منصوبوں پر پیشرفت اور تکمیل میں تاخیر پر سوال پوچھنا ان کا بنیادی حق ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے 17 جنوری کو خط لکھ کر وزیراعظم عمران سے سے وزیر بحری امور علی زیدی کے رویئے کی شکایت کی تھی۔
 

Advertisement