کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سند مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند کرنے کی تجویز مان لی جاتی تو کورونا کا پھیلاؤ رک جاتا، لگتا ہے وفاق کچھ نہیں کرے گا، اب ہمیں ہی کچھ کرنا پڑے گا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب منصوبے پر ریفرنس بنایا گیا، نیب انکوائری کی وجہ سے پیسے نہیں مل رہے، عدالت نے 5 مئی کو دوبارہ بلایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مفتی منیب الرحمان نے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے، ناموس رسالت کے معاملے پر صوبوں کے ساتھ مشاورت نہیں کی گئی، حکومت کی طرف سے مذاکرات کا سن رہے ہیں۔
دوسری جانب احتساب عدالت نے نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس میں ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کرلیا۔
عدالت نے تمام حاضر ملزمان کو 2، 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ ایک غیر حاضر ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ مراد علی شاہ کے وکیل کی جانب سے حاضری سے مستقل استثنیٰ کے لیے دائرکی گئی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال ساز گار نہیں، استثنیٰ کی درخواست منظورکی جائے۔ جج نے ریمارکس دیئے کہ آپ درخواست جمع کرا دیں۔ ہم دیکھ لیتے ہیں۔