اسلام آباد: (ویب ڈیسک) انسداد کورونا کے قومی ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات 18 جولائی سے یکم اگست تک دینے کی تجویز دے دی ہے، تاہم اس کا فیصلہ منگل کے روز ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔
تاہم صوبہ پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس 2 جولائی سے 2 اگست تک چھٹیاں دینے کے حق میں ہیں۔ خیال رہے کورونا صورتحال میں بہتری کے بعد پاکستان میں تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل جاری ہے، امتحانی شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے، دسویں اور بارہویں کلاس کے امتحانات آئندہ ماہ جولائی میں ہوں گے۔ طلبہ کی سہولت کے پیش نظر یہ امتحانات صرف منتخب مضامین میں لیے جائیں گے۔
این سی او سی کے زیر اہتمام بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے شیڈول کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے یکم سے 31 جولائی تک چھٹیوں کی تجویز دی ہے۔ کانفرنس میں امتحانات کے لیے ایس او پیز پر بھی مشاورت ہوگی۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے نجی تعلیمی اداروں کو آگاہ کیا ہے کہ کورونا کی وجہ سے طلبہ کا جو نقصان ہوا اسے پورا کرنے کے لئے رواں سال موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان نہیں کریں گے۔
اس بات کا دعویٰ صدر آل پاکستان نجی سکولز فیڈریشن کاشف مرزا کی جانب سے جاری بیان میں سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی جانب سے کہا گیا ہے سکولوں کی چھٹیاں نہیں کریں گے کیونکہ لاک ڈاؤن کے باعث ان کا بہت زیادہ نقصان ہو چکا ہے۔