اسلام آباد: (دنیا نیوز) بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس میں پہلی سے آٹھویں تک اسکول عید تک بند رکھنے کا فیصلہ، کورونا سے متاثرہ اضلاع میں 9 ویں سے انٹر (12 ویں جماعت) تک تعلیمی ادارے کل سے کھول دیئے جائیں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں تعلیمی اداروں میں کلاسز کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ این سی او سی حکام نے شرکا کو بتایا کہ کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، ابھی تعلیمی ادارے نہ کھولیں تو بہتر ہو گا تاہم تمام صوبائی وزرائے تعلیم نے بورڈز کلاسز شروع کرنے کی سفارش کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا کی زیادہ شرح والی یونیورسٹیز میں آن لائن کا سلسلہ جاری رہے گا، پہلی سے آٹھویں تک سکولز عید تک بند رکھے جائیں گے جبکہ 9 ویں سے 12 ویں تک تعلیمی ادارے کل سے سخت کورونا ایس او پیز کیساتھ کھول دیئے جائیں گے، بورڈ کے امتحانات نئی تاریخوں کےتحت ہوں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ او ، اے لیول امتحانات شیڈول کے مطابق لیے جائیں گے، ان امتحانات میں کسی قسم کی تاخیر یا کینسل نہیں ہوں گے،جو بچے اکتوبر، نومبر میں امتحانات دینے کے خواہشمند ہوں تو وہ اسی فیس کے ساتھ حصہ لے سکیں گے۔
شفقت محمود نے کہا ہے کہ جن اضلاع میں کورونا کیسز کی شرح 8 فیصد سے زیادہ ہے وہاں یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسز کا سلسلہ جاری رہے گا، دیگر اضلاع میں یونیورسٹیز سخت کورونا ایس او پیز کیساتھ فنکشنل ہوں گی۔۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ امتحانات مئی کے آخری ہفتے سے پہلے شروع نہیں ہوں گے ، یونورسٹیوں کے داخلے امتحانات کے نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق ایڈجسٹ کیے جائیں۔