اسلام آباد: (دنیا نیوز) این سی او سی نے ملک بھر میں شہروں کے اندر جانوروں کی خرید وفروخت پر پابندی لگا دی، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد لازم قرار دیا گیا ہے، عیدالاضحیٰ کیلئے جامع ہدایات جاری کر دی گئیں۔
این سی او سی نے تمام صوبوں کوعیدالاضحیٰ کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایات جاری کر دیں، انتظامیہ کو مویشی منڈیاں شہروں سےباہر لگانے کی ہدایت کی گئی ہے، تمام عملے اور تاجروں کو کورونا ویکسین لگانا لازم قرار دیا گیا ہے۔ شہری انتظامیہ کو منڈیوں میں داخلےکے موقع پرہینڈ سینیٹائزر، ماسک اور ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کی سہولیات میسر کرنے کی تاکید کی ہے۔
ملک میں کورونا کا پھیلاو روکنے کیلئے حکومت موثر اقدامات کیلئے مصروف عمل ہے، قربانی کیلئے جانوروں کی دستیابی ممکن بنانے کیلئے لاک ڈاون نافذ نہیں کیا گیا تاہم ضروری احتیاط ملحوظ خاطر رکھنے کا کہا گیا ہے۔ ملک میں کورونا کا پھیلاو جاری ہے، گذشتہ روز مہلک وائرس مزید 29 جانیں لے گیا جبکہ چوبیس گھنٹے کے دوران 1 ہزار 228 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا۔ ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 32 ہزار 621 ہے جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 22 ہزار 408 تک پہنچ گئی ہے۔