وزیر داخلہ سے ازبک سفیر کی ملاقات، ویزا معاہدوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

Published On 05 July,2021 06:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے پاکستان میں تعینات ازبکستان کے سفیر اویبک عارف نے ملاقات کی جس میں طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ازبکستان عظیم اسلامی ورثے کا امین ملک ہے۔ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان قدیم مذہبی اور ثفافتی تعلقات قائم ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں ویزا معاہدوں پر پیشرفت، تجارت اور سیاحت کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان روابط کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان قدیم مذہبی اور ثفافتی تعلقات قائم ہیں۔ ازبکستان عظیم اسلامی ورثے کا امین ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی رشتے سے جڑے دونوں ملکوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ازبکستان کے شہریوں کے لئے ویزا میں خصوصی سہولیات دی ہیں۔ ازبک شہریوں کو پاکستان آمد کے لئے اب 5 دن کا ٹرانزٹ ویزا بھی جاری کیا جائیگا۔

اس موقع پر ازبک سفیر نے کہا کہ لاہوراور تاشقند کے درمیان پی آئی اے کی پرواز 2 جولائی سے بحال ہو چکی ہے۔ ہوائی سفر کی سہولت سے دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت اور کاروبار کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ویزہ سہولیات کے معاہدے پر عملدرآمد سے روابط میں مزید اضافہ ہوگا۔
 

Advertisement