اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے چودھری مونس الہیٰ کو وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چودھری مونس الہیٰ کو آبی وسائل کی اہم وزارت کی ذمہ داریوں سونپ دی گئی ہیں۔
Welcome my brother @MoonisElahi6 pic.twitter.com/WuRoZ778Aa
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) July 13, 2021
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے چودھری مونس الہیٰ کو وفاقی وزیر کا عہدہ سنبھالنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران تحریک لبیک پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں افواج پاکستان کے لئے 15 فیصد سپشل الاؤنس کی بھی منظوری دی گئی۔ حلیم عادل شیخ کی درخواست پر سندھ حکومت کی جانب سے بنائے گئے کیسز کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی۔
مزید برآں کابینہ کو اہم شخصیات کی سکیورٹی اور ان کے زیر استعمال پروٹوکول کی رپورٹ پیش کی گئی، وزیرِ اعظم نے آئندہ کابینہ اجلاس میں سکیورٹی اور پروٹوکول کو ریشنلائز کرنے کے حوالے سے جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کا تحریک لبیک پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ
وفاقی کابینہ کو نوشہرہ میں ریلوے کی اراضی پر کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیر کے معاملے پر بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ نوشہرہ ریلوے اراضی کا نیشنل ایسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ذریعے بہتر انتظام یقینی بنایا جائے، کابینہ کو اسلام آباد کے سیکٹر ای ایٹ اور ای نائن میں تجاوزات ہٹانے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قانون کا یکساں اطلاق یقینی بنایا جائے، گرین ایریاز پر تجاوزات کے حوالے سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔