عید پر ساری دنیا کے مسلمان اور تمام مذاہب کے لوگ اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں: شجاعت حسین

Published On 02 May,2021 03:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے سینئر نائب صدر مسلم لیگ پنجاب چودھری سلیم بریار نے ملاقات کی جس میں کورونا کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ عوام سماجی فاصلے اور ماسک کو یقینی بنائیں، اس عید پر ساری دنیا کے مسلمان اور تمام مذاہب کے لوگ اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں۔

سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے سینئر نائب صدر مسلم لیگ پنجاب چودھری سلیم بریار نے ملاقات کی جس میں کورونا کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ عوام سماجی فاصلے اور ماسک کو یقینی بنائیں، انہوں نے کورونا کے پیش نظر عوام سے احتیاط کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ بار بار ان تمام لوگوں وہ چاہے کسی بھی رنگ، نسل اور مذہب سے ہوں کو تنبیہ فرماتا ہے، تمام لوگ اللہ تعالیٰ کے بنائے ہوئے اصولوں اور بھیجی گئی تعلیمات کے مطابق عمل کریں، اسی طرح اللہ تعالیٰ کی رحمت نازل ہو گی۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں فرماتا ہے کہ ”میں کیوں تم پر عذاب لاؤں گا اگر تم میری اطاعت کرو اور احکامات کو مانو“۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ پوری دنیا میں عذاب آیا ہوا ہے جو صرف مسلمانوں پر ہی نہیں بلکہ غیر مسلم بھی اس کا شکار ہیں۔ یہ تمام لوگ اللہ تعالیٰ کی بھیجی گئی کتابوں قرآن مجید، توریت، انجیل اور زبور کو تو مانتے ہیں لیکن اس پر عمل نہیں کرتے۔

شجاعت حسین نے کہا کہ اپنی غلطی کوتاہیوں کا اعتراف کریں اور عہد کریں کہ آئندہ اللہ تعالیٰ کے احکامات پر سچے دل سے عمل کریں گے، اس عید پر تمام صاحب حیثیت لوگ اپنے ہمسایوں میں سے چار گھرانوں کو یا تو دو وقت کا کھانا بھیجیں یا اپنے گھر پر بلا کر کھلائیں۔

چودھری سلیم بریار نے پارٹی کی جانب سے کورونا متاثرین میں راشن کی تقسیم کے بارے میں آگاہ کیا، چودھری شجاعت حسین نے سلیم بریار کی کاوشوں کو سراہا۔
 

Advertisement