لاہور: (دنیا نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے حکومت پنجاب کے کسانوں کے بارے میں اقدامات پر کڑی تنقید کرتےہوئے کہا کہ کسانوں سے برا سلوک کب ختم ہو گا۔ حکومت کسانوں سے گندم نہیں خرید رہی تو پھر ضلع وار پابندی کس بات کی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی سے مسلم لیگ کسان ونگ کے وفد اور دوسری کسان تنظیموں کے نمائندوں نے لاہور میں ملاقات کی، کسانوں نے مسائل سے سپیکر کو آگاہ کیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کسانوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پچھلے سال بھی یوکرائن کے کسانوں کو فائدہ پہنچایا گیا۔ ہمارے کسان رُل گئے تھے۔ پنجاب کے کسانوں کا پتہ نہیں کیا حال ہوتا ہے یہ تو وقت ہی بتائے گا۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ملکی غذائی ضروریات کو پورا کرنے والے کسانوں سے برا سلوک کب ختم ہو گا۔ کسانوں کو باردانہ نہیں دیا جا رہا تو پھر ضلع وار بار دانے پر پابندی کا کیا مقصد ہے، حکومت کسانوں سے گندم کی خریداری نہیں کر رہی تو پھر پابندی کس بات کی۔ بہاولپور، ملتان، جنوبی پنجاب سمیت تمام اضلاع میں کاشت کار پر یشان ہیں۔ سندھ حکومت اپنے کسانوں سے گندم 2 ہزار روپے میں خرید رہی ہے اورپنجاب کا کسان پریشان ہے۔