لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اوراسپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہی سے چیئر مین مسلم کمیونٹی امریکہ ساجد تارڑنے ملاقات کی، چوہدری شجاعت حسین کہتے ہیں کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں مزید استحکام لانے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے چیئرمین مسلم کمیونٹی امریکہ ساجد تارڑ کی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی سمیت پاک امریکہ تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ایم این اے چودھری سالک حسین، چودھری صباحت الٰہی، ثاقب رحمان، یعقوب تارڑ، مہران تارڑ، سعود صفدر بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ مل کر تجارت، سیاحت اور دیگر امور پر آگے بڑھ سکتے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی جس جذبے اور حب الوطنی کے تحت کام کر رہے ہیں وہ قابل دید ہے۔ محنت سے کمایا ہوا سرمایہ پاکستان بھیج کر وہ ملک کی گرتی ہوئے معیشت کو سہارا دے رہے ہیں۔
چودھری شجاعت حسین نے کہاکہ کورونا وباء کی وجہ سے پاکستان کی معیشت مشکلات کا شکار ہے۔ کورونا کے سنگین حالات میں اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کو سنبھالا دے کر اپنا فرض ادا کریں۔