حکومت کو مہنگائی اور بے روزگاری کی طرف توجہ دینی چاہیے، چودھری شجاعت

Published On 19 March,2021 08:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مارشل لا دور میں قیمتوں اور مہنگائی پر کنٹرول کیلئے اقدامات کئے گئے تھے، موجودہ حکومت کو بھی اس پر توجہ دینی چاہیے۔

چودھری شجاعت حسین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم، سپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں بننے والی پارلیمانی کمیٹی کو عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سب سے پہلے اپنی تجاویز میں یہ دیکھے کہ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ کیا ہے؟ مہنگائی کیسے پیدا ہوئی؟ اور کس نے پیدا کی؟

انہوں نے کہا بے شک مارشل لا سے اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن اس دور میں قیمتوں پر کنٹرول، مہنگائی، بے روزگاری، شہروں میں صفائی کے لئے پہلے دو ہفتوں میں اقدامات کئے گئے تھے۔

صدر مسلم لیگ (ق) کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی کو چاہیے کہ وہ مہنگائی، بے روزگاری اور عوام کے دوسرے مسائل کی طرف توجہ دینے کی تجویز پیش کرے۔
 

Advertisement