حکومتی اتحادی ہونے کے ناطے حفیظ شیخ کو بھرپور سپورٹ کرینگے: چودھری برادران

Published On 20 February,2021 03:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چودھری برادران نے کہا ہے کہ حکومتی اتحادی ہونے کے ناطے عبدالحفیظ شیخ کو بھرپور سپورٹ کریں گے، ملک و قوم کی بہتری کیلئے وزیراعظم کو مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔

سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ سے سینیٹ کیلئے اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے امیدوار عبدالحفیظ شیخ نے ملاقات کی۔ وفد میں قومی اسمبلی کے چیف وہپ عامر ڈوگر اور چودھری ارشد شامل تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، چودھری صباحت الٰہی، ڈاکٹر ریاض تسلیم، چودھری جاوید چٹھہ اور رانا خالد بھی موجود تھے۔

چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی نیت صاف ہے، وہ عوام کیلئے کچھ کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں، وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔

عبدالحفیظ شیخ نے چودھری برادران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چودھری شجاعت حسین ایک منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، مجھے ان کی بھرپور حمایت کی ضرورت ہے، پاکستان میں آپ کا بڑا مقام ہے، ملکی و عالمی حالات پر آپ کی گہری نظر ہے، حکمران جماعت اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔
 

Advertisement