سینیٹ الیکشن ایک منڈی بن جاتی ہے، پتا چلنا چاہیے کس نے کسے ووٹ دیا: شبلی فراز

Published On 19 February,2021 12:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن ایک منڈی بن جاتی ہے، پتا چلنا چاہیے کس نے کسے ووٹ دیا، ملک سے پیسے کی سیاست کو ختم کرنا ہے، ہماری نیت اور کوشش ہے کہ انتخابات کو شفاف بنایا جائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے 2018 کے سینیٹ انتخابات کے بعد 20 ممبران کو پارٹی سے نکالا، کوئی اور سیاسی جماعت بتائے جس نے اپنے ممبران کو پارٹی سے نکالا ہو، سینیٹ الیکشن میں وہ لوگ منتخب ہونے چاہیں جنہیں کسی گروپ یا سیاسی جماعت نے سلیکٹ کیا ہو، میثاق جمہوریت میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے معاہدہ کیا تھا کہ خفیہ بیلٹنگ ختم کی جائے گی، پیسے کی سیاست جب تک ملک سے ختم نہیں ہوگی، اہلیت اور قابلیت کی بنیاد پر لوگ آگے نہیں آسکتے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت قانون کے مطابق چل رہی ہے، سپریم کورٹ سے رہنمائی مانگی ہے، عدالتی فیصلے کے مطابق چلیں گے، اسلام آباد کی سینیٹ نشست حفیظ شیخ جیتیں گے، ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک طاقتور اور با اختیارادارہ ہے، سینیٹ میں جو بھی نتائج ہونگے ہمیں منظور ہونگے، این آر او اپوزیشن مانگ رہی ہے، جہانگیر ترین کا ہماری پارٹی سے گہرا تعلق تھا، ان کے سیاست میں تعلقات ہیں۔
 

Advertisement