لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ کورونا وبا سے بچاؤ کیلئے سب کو ایس او پیز پر عمل کرنا اور ویکسین لگوانی چاہیے تاکہ زندگی محفوظ رہ سکے۔
تفصیل کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ سے ننکانہ صاحب کی معروف سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیت میاں ذوالفقار اور رائے شجر عباس ایڈووکیٹ نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔
چودھری پرویز الہیٰ نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اسی لیے پارٹی کی گراس روٹ لیول تک تنظیم سازی کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں جاری رکھیں تاکہ جیسے ہی وبا ختم ہو تو عوام کی خدمت کا عمل شروع ہو سکے۔
اس موقع پر میاں ذوالفقار نے چودھری پرویز الہیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ آپ کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ پنجاب نے جو ترقی آپ کی وزارتِ اعلیٰ کے دور میں کی، اس کی مثال نہیں ملتی، آپ کے عوامی خدمت کا جذبے سے متاثر ہو کر ہم نے ساتھیوں سمیت آپ کی پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔