گجرات: (دنیا نیوز) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ کہیں نہیں جا رہا۔
ان خیالات کا اظہار قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے چک سادہ روڈ گجرات میں نئی سڑک کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، حسین الٰہی، شجاعت نواز اجنالہ ایم پی اے اور خالد اصغر گھرال بھی ہمراہ تھے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عوام کی خدمت کر کے جو سکون قلب حاصل ہوتا ہے بیان سے باہر ہے، ہمیں جب بھی موقع ملا عوام کیلئے فلاحی کام کیے، سابقہ حکومت نے دس سال تک گجرات کو ترقیاتی فنڈز سے محروم رکھا۔
انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ پر دوبارہ اسرائیلی حملہ اقوام متحدہ کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے، فلسطین کو مکمل طور پر اسرائیل کے ظلم و جبر سے نجات دلانے کی ضرورت ہے۔ عالم اسلام متحد ہو تو کسی غیر دینی طاقت کو امت مسلمہ پر حملہ کرنے کی جرات نہ ہو۔ اقوام متحدہ اسرائیل کو فلسطین میں بربریت کرنے سے روکنے کیلئے موثر قانون سازی کرے، صہیونی حملوں پر صرف مذمت سے کام نہیں چلے گا بلکہ عملی اقدام اٹھانا ہو گا۔
قائم مقام گورنر نے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ کہیں نہیں جا رہا پہلے ہی کہا تھا کہ اسمبلی میں کھڑے ہوں گے تو پتہ چلے گا، اسمبلی میں کھڑے ہونے والوں کے گرد ابھی بھی سوالیہ نشان موجود ہے، اگر ان کے درمیان کوئی مسئلہ موجود ہے تو وہ اس طرح حل نہیں ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ابھی موجو دہے احتیاط کریں اور ان سے پوچھیں جن کے عزیز بچھڑ گئے، عید کے بعد حالات کنٹرول میں ہیں اور آہستہ آہستہ زندگی معمول پر آ رہی ہے۔