کورونا کا پھیلاؤ: سندھ حکومت ایکٹو، صوبے میں آج رات سے ان ڈور ڈائننگ پر پابندی

Published On 15 July,2021 12:15 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سندھ حکومت نے مزید سختی کر دی۔ صوبے میں آج رات سے ان ڈور ڈائننگ پر پابندی ہوگی۔ کل سے تمام تعلیمی ادارے بند، امتحانات شیڈول کے مطابق ہونگے۔

سندھ حکومت نے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے پابندیاں سخت کر دیں۔ گزشتہ روز وزیراعلی کی زیر صدارت ہونے والے ٹاسک فورس اجلاس میں آج رات سے انڈور ڈائننگ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ تعلیمی ادارے، تفریحی پارکس وغیرہ بھی جمعہ سے بند کر دیئے جائیں گے۔ صرف میٹرک، انٹر اور دیگر جماعتوں کے امتحانات ہو سکیں گے۔ فیصلے کورونا کیسز میں اضافے کے باعث کئے گئے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر نے کورونا کیسز اور متاثرہ مریضوں کے ہسپتالوں میں داخلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے عوام سے انسداد کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد اور ویکسین لگوانے کی اپیل کر دی اور کہا کہ بھارتی وائرس نے خطے کے ممالک میں تباہی مچا دی، عوام سے اپیل ہے کہ کورونا ویکسین لگوائیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، تشویشناک مریضوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے، وائرس کا بھارتی ویرئنٹ پڑوسی ممالک اور ریجن میں تباہی مچا چکا، لوگ اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں مت ڈالیں، ایس او پیز پر عمل اور جلد ویکسین لگوائیں۔

ادھر معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے عید پر پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے کا عندیہ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں زیادہ پابندیاں لگائی جائیں گی، سیاحتی مقامات ویکسی نیشن والوں کو داخلے کی اجازت ہوگی، کشمیر کے جلسوں میں ماسک کا استعمال نہیں کیا جا رہا، ویکسین کی وافر مقدار ملک میں موجود، مزید بھی خرید رہے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا وائرس آتا ہے تو اس کی اقسام بھی سامنے آتی ہیں، ہمیں کورونا کیساتھ چلنا ہے، احتیاط ضروری ہے، ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد زیادہ ہے، پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد دیگر صوبوں کی نسبت کم ہے۔
 

Advertisement