اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی جی اسلام قاضی جمیل الرحمان نے کہا ہے کہ گشت کے نظام کو موثر بناتے ہوئے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر کو عیدالاضحی کے سیکورٹی انتظامات کی خود نگرانی اور ڈی جی سیف سٹی کو عیدالاضحی کے موقع پر ضلع بھر کی سیکورٹی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس کے دوران اے آئی جی سپیشل برانچ کو مساجد، امام بارگاہوں میں واک تھرو گیٹ و دیگر حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی، ایس ایس پی ٹریفک کو ضلع بھر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے خصوصی ٹریفک پلان جاری کرنے کی ہدایت کی گئی۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ نمازِ عید کے دوران تمام مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں، مساجد اور امام بارگاہوں میں حکومتی ایس او پیز پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے۔ قربانی کے جانوروں کے لئے قائم مویشی منڈیوں میں بھی حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں، شاپنگ سنٹروں، تفریح گاہوں پر اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت کر دی ہے، گشت کے نظام کو موثر بناتے ہوئے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی روک تھام کیلئے داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔