کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر الیکشن میں سرکاری وسائل استعمال کرنے کا الزام لگا دیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کشمیر میں ہر اختیار استعمال کرنے کی کوشش کی، وفاقی وزیر سرعام پیسے بانٹ رہے ہیں، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی امیدواروں کو نااہل قرار دے، ایکشن نہ لیا گیا تو یہ تاریخ کے متازعہ ترین الیکشن ہوں گے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر انتخابی مہم میں سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں، وزیراعظم پاکستان اور وزرا بھی سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں، وفاقی حکومت نے کشمیر میں ہر اختیار استعمال کرنے کی کوشش کی، کسی جماعت کو انتخابی عمل پر سوال اٹھانے کی ضرورت پیش نہیں آنی چاہیے، پی ٹی آئی امیدواروں نے پیسہ تقسیم کر کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت دھاندلی کی وجہ سے بنی، دھاندلی نہ ہوئی تو پیپلز پارٹی کے امیدوار ہی منتخب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 3 نسلوں سے کشمیر کاز کا دفاع کر رہے ہیں، کٹھ پتلی حکومت نے کشمیر کے عوام کو لاوارث چھوڑ دیا، ن لیگ کی حکومت نے بھی پیپلزپارٹی کے منصوبوں کو آگے بڑھایا۔