'سندھ کے عوام تبدیلی کے خواہشمند، سیاسی عمل جاری رہتا ہے، حقیقت کو تسلیم کیا جائے'

Published On 28 July,2021 11:32 am

کراچی: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام تبدیلی کے خواہشمند ہیں، سیاسی عمل جاری رہتا ہے، حقیقت کو تسلیم کیا جائے، خود دار قوم ہیں، خود داری کا سودا نہیں کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، چین کے دورے میں دو طرفہ تعلقات اور سی پیک پر بات چیت ہوئی، داسو واقعہ بزدلانہ کارروائی ہے، چینی اور پاکستانی متاثر ہوئے، کچھ طاقتیں پاکستان میں استحکام نہیں چاہتیں، چین کے ساتھ دوستی کی نوعیت کو کچھ طاقتیں سمجھ نہیں سکتیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سندھ کو فتح کرنا مقصد نہیں، سندھ پاکستان کا اہم حصہ ہے، سندھ وفاق کی ایک اکائی ہے، سندھ میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال سے سب آگاہ ہیں، آج تھرپارکر کی صورتحال کا سب کو پتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا جمہوری روایات صرف اسلام آباد تک محدود ہیں ؟ جمہوری روایات کی بات کرنیوالے لاڑکانہ میں اس کا پاس نہیں رکھتے۔
 

Advertisement