تحریک انصاف آزاد کشمیر میں تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں: شیخ رشید

Published On 26 July,2021 03:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے، الیکشن کے حوالے سے جو کہا تھا وہی ہوا، پیپلزپارٹی نے پیسہ لٹا کر دو تین سیٹوں کا اضافہ کیا، کوشش ہوگی آئندہ سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہو، یہ 2023 میں بھی دھاندلی کا رونا روئیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں، نواز شریف تکلیف میں ہیں تو واپسی کے لئے چارٹر طیارہ دینے کو تیار ہیں، نواز شریف باہر بیٹھ کر تقریریں نہ کریں، نواز شریف اینٹی آرمی، اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی عمران خان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین والا نظام یہاں ہونا چاہیئے، کرپٹ افراد کو موقع پر ہی سزائے موت ہو، کرپٹ افراد اور قاتلوں کو سزائے موت ہونی چاہیئے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پناہ لینے والے افغان آرمی کے اہلکاروں کو باعزت طریقے سے واپس کریں گے، پاک فوج دنیا کی عظیم ترین فوج ہے، بارڈر پر جاؤں گا، فوجیوں کے ساتھ کھانا کھاؤں گا اور چائے پیوں گا۔ انہوں نے کہا کہ 840 بلاک شناختی کارڈز کو مسترد کرنے کا اعلان کرتا ہوں، غیر قانونی مقیم افراد 14 اگست تک پاکستان چھوڑ دیں، ایف آئی اے کا سائبر کرائم بہت تھکا ہوا ہے۔
 

Advertisement