اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹیکس چوری کی روک تھام کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اسلام آباد میں ٹیکس دہندگان کے لئے آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری کسی بھی ملک کے لئے زہر ہے۔ صدر نے زور دیا کہ ملک کے معاملات چلانے کے لئے ٹیکس ادائیگی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ٹیکس کی شرح مجموعی ملکی پیداوار کے صرف دس فیصد کے برابر ہے جو دنیا کے ممالک کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمیں قرضے لینے پڑتے ہیں۔
صدر مملکت نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ لوگوں میں ٹیکس ادائیگی کے جذبے کی کمی ہے اور وہ ٹیکس سے بچنے کے لئے مختلف بہانے پیش کرتے ہیں۔
صدر نے کہا کہ اہل افراد کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لانے کے لئے ایف بی آر اور نادرا کے پاس اعدادوشمار موجود ہیں، نظام میں خامیوں کا بھی خاتمہ کرنا ہوگا۔