نیب نے تین سال میں بڑی مچھلیوں کو گرفتار، 470 ریفرنس دائر کیے: ڈاکٹر شہبازگل

Published On 02 August,2021 08:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہبازگل نے کہا ہے کہ ‏نیب نے گزشتہ تین سال کے دوران نہ صرف اشرافیہ اور بڑی مچھلیوں کو پہلی بار گرفتار کیا بلکہ470کرپشن ریفرنس دائر کیے۔

پیر کواپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ‎پی ٹی آئی دور میں متحرک اوربہادرقیادت کے دوران ریاستی اداروں کو واضح اورمضبوط حمایت،حوصلہ افزائی کی بدولت‏نیب نے نہ صرف اشرافیہ اور بڑی مچھلیوں کو پہلی بار گرفتار کیا بلکہ3سال میں470کرپشن ریفرنس دائر کیے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ‏ابھی بھی ان میں سے بہت سے ضمانتوں کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں اس کے باوجود‏3سال میں بڑی مچھلیوں سے 502 ارب روپے وصول کئےجبکہ 2000 سے 2016 تک نیب نے 266ارب روپے وصول کئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‏نیب نے پی ٹی آئی حکومت کے دور میں متحرک، دیانت دار،صاف ستھری،قابل اور بہادر قیادت میں زبردست کام کیا اور نتیجہ قوم کے سامنے ہے۔ ہم آپ کی اچھی حوصلہ افزائی ،سپورٹ اور اعلیٰ سطح پر نیب کی کارکردگی کو اجاگر کرنے پرانتہائی شکر گزار ہیں۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ‏نیب کی گزشتہ3سالہ کارکردگی،اچیومنٹس،موجودہ حکومت کی طرف سے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس،سیاسی عدم مداخلت اور مکمل سپورٹ فراہم کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہیں ۔بلاشبہ نیب کو آزادی سے کام کرنے دینے پر اس ادارے کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ انکل کا بیان اس حد تک درست ہے کہ انہوں نے استعفی نہیں دیالیکن جب پاکستان میں موجود ایک سمدھی نے آپا اور ان کے درمیان صلح کے لئے ثالثی کی کوشش کی تو انکل نے کہا کہ ان کا گالی گلوچ بیانیہ مجھے اور میرے بیٹوں کو جیل پہنچا کر سیاست سے باہر کرنے کی سازش ہے، ہم اب یہ نہیں ہونے دیں گے۔
 

Advertisement