پاکستان کی کوششوں سے افغانستان میں امن عمل آگے بڑھا: گورنر پنجاب چودھری سرور

Published On 03 August,2021 10:53 am

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کی کوششوں سے افغانستان میں امن عمل آگے بڑھا، افغان امن کیلئے پاکستان جو کر سکتا ہے کر رہا ہے اور کرے گا، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کر نیوالے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

گورنر پنجاب چودھری سرور سے صوبائی وزیر سید سعید الحسن شاہ اور وفود نے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر چودھری سرور کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ایک لمحے کیلئے بھی ان سے دور نہیں ہوسکتے، 22 کروڑ پاکستانی کشمیریوں کیساتھ ہیں، 5 اگست کو یوم استحصال منایا جائے گا، آج مسئلہ کشمیر دنیا کا مسئلہ بن چکا ہے، عالمی برادری اس پر بات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا کشمیر میں 729 روز سے جاری لاک ڈاون انسانی حقوق کا قتل عالم ہے، خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل اور بھارتی دہشت گردی کا خاتمہ لازم ہوچکا ہے، امن دشمنوں کو پہلے بھی ناکام بنایا ہے، آئندہ بھی ان کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

چودھری سرور نے مزید کہا کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کیلئے تمام مکتبہ فکر کے علماء کو مل کر کام کرنا ہوگا، محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے حکومتی ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔
 

Advertisement